اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پراسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے 2میگا پراجیکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے جس سے د ارالحکومت میں ٹریفک کے برسوں کے مسائل مستقل حل ہوں گے ۔تفصیل کے مطابق سرینہ چوک انٹرچینج اور ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹس کا سنگ بنیاد 5نومبر کو رکھا جائے گا۔سرینہ چوک انٹرچینج 10ماہ کے بجائے صرف 3ماہ میں بنے گا ۔سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت 2 انڈر پاسز تعمیر ہوں گے اور رابطہ سڑکیں بنیں گی۔ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج 12ماہ کے بجائے صرف 4ماہ میں مکمل ہوگا۔ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت ایک فلائی اوور، ایک انڈر پاس بنے گا اور رابطہ سڑکیں تعمیر ہوںگی ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹس کی مقررہ کردہ مدت میں تکمیل کے لیے سی ڈی اے کو ٹاسک دے دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلا س میں سرینہ چوک اور ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینجز کے لے آئوٹ پلان کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے جامع پلاننگ کی ہدایت کی ۔