آزادکشمیر، گلگت بلتستان، چاروں صوبوں میں ہسپتال تعمیر ہونگے، فنڈز وزارت قومی صحت فراہم کرے گی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال2025-26 کے بجٹ میں صوبوں کو ہسپتالوں تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاق کو صوبوں میں ہسپتالوں کی تعمیر کی ہدایات دی ہیں، حکومت کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر، گلگت بلتستان، چاروں صوبوں میں ہسپتال تعمیر ہونگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کی صوبوں میں ہسپتالوں کی تعمیر جذبہ خیر سگالی کا اظہار ہے، صوبوں میں ہسپتالوں کیلئے فنڈز وزارت قومی صحت فراہم کرے گی۔ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے آئندہ بجٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں 40ارب مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں سے ہسپتالوں کیلئے اراضی فراہمی کی درخواست کی ہے، آزاد کشمیر میں ہسپتال تعمیر کیلئے ضلع میرپور، بھمبر کے نام زیر غور ہیں۔خیبرپختونخوا میں چترال، ضم شدہ اضلاع میں ہسپتال تعمیر ہونگے۔وفاقی حکومت سندھ کے ضلع تھرپارکر میں ہسپتال تعمیر کرے گی۔ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 5 سو بیڈز کا ہسپتال تعمیر کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال تعمیر کرے گی، پنجگور 5 سو بیڈز اسپتال تعمیر پر 8 ارب روپے لاگت آنے کا امکان ہے، حکومت آئندہ بجٹ میں صوبوں میں ہسپتالوں کی تعمیر کا اعلان کرے گی۔