شکایات پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم کوہٹادیاگیا

سی ایم انسپکشن ٹیم کا جہلم کے علاوہ سوہاوہ،گوجر خان ،کھاریاں کا دورہ 
 جہلم ہسپتال میں ایکسرے مشین خراب، سوہاوہ میں انتظامات پرعدم اعتماد
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پرسی ایم انسپکشن ٹیم کے ہسپتالوں کے دورے جاری ہیں ، سی ایم نسپکشن ٹیم نے ایک ہی دن میں چار ہسپتالوں کا اچانک معائنہ کیا، بدانتظامی پرجہلم ہسپتال کے ایم ایس کوعہدے سے ہٹادیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سی ایم انسپکشن ٹیم نے رات گئے ضلعی اور تین تحصیل ہسپتالوں کے طوفانی وزٹ کئے۔ صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم،سوہاوہ،گوجر خان اورکھاریاں ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم بدانتظامی کا شکارنظر آیا،ہسپتال میں ایکسرے مشینیں خراب اورفلمیں غائب تھیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں مریضوں نے انسپکشن ٹیم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ سی ایم انسپکشن ٹیم کی سفارش پر ڈی ایچ کیوجہلم کے ایم ایس کو ہٹانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ کے ایم ایس اوردیگر کو انتظامات بہتر نہ ہونے پر کڑی وارننگ دی گئی۔ سی ایم انسپکشن ٹیم نے گوجر خان اورکھاریاں کے تحصیل ہسپتالوں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔