کُرم پارہ چنار، صدہ کے عوام کا حق ہے کہ اُنہیں جان، مال، عزت کا تحفظ حاصل ہو،نائب امیر جماعت اسلامی
اسلام آباد(آن لائن)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی پی پی حکومت کا کُرم پارا چنار میں بدامنی، دہشت گردی اور راستوں کی بندش کے خلاف احتجاج پر کریک ڈاؤن اور تشدد قابلِ مذمت ہے۔ پی پی پی اتحادی حکومت کا اہم حصہ اور خیبرپختونخوا میں گورنرشپ بھی اُن کے پاس ہے۔ کُرم پارہ چنار، صدہ کے عوام کا حق ہے کہ اُنہیں جان، مال، عزت کا تحفظ حاصل ہو۔ محبِ وطن شہریوں کے بنیادی حق کو تسلیم کیا جائے۔ کُرم میں امن کے لیے جرگہ کے فیصلوں میں بھی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت نہ ہونے کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔ اِس غفلت کی وجہ سے سُنی شیعہ اور اقلیتیں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ ریاست انسانی مسائل حل کرے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ''آُڑان پاکستان منصوبہ'' پیش کردیا لیکن بغیر پروں کے اُڑان تو دعویٰ اور خواب ہی رہے گا۔ قومی ترقی اور معیشت کی حقیقی اُڑان کے لیے مضبوط پر چاہئیں جو سیاسی استحکام، کرپشن کے خاتمہ، گُڈ گورننس، انتخابی پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے ذریعے ممکن ہے۔ زراعت کی ترقی اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور استعمال ناگزیر ہے۔ صرف بیرونی سرمایہ کاری آزاد خودمختار معیشت کی ضامن نہیں ہوسکتی۔ دہشت گردی کا خاتمہ اور عوام، سرمایہ کار، تاجر و صنعت کار کا ہر اعتبار سے تحفظ ناگزیر ہے۔