میرے والد نے اپنی یادداشتوں میں تصدیق کی ہے کہ النامق خاندان ہی نے ان کے بارے میں اطلاع دی تھی
بغداد(آئی این پی)عراق کے سابق صدر صدام حسین کی بیٹی رغد صدام حسین نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وکیل کلارک نے والد کی پھانسی کا فیصلہ جاری ہونے سے پہلے ہی مجھے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا،اس سے قبل گذشتہ سال عراق کے سابق صدر صدام حسین کی سب سے بڑی بیٹی رغد اپنے والد کی جیل میں لکھی گئی یادداشتوں کے کچھ صفحات منظرِ عام پر لائی تھیں ، مذکورہ صفحات کو سابق عراقی صدر نے اپنے ہاتھ سے تحریر کیا تھا۔ صدام حسین کی بیٹی رغد صدام حسین نے اپنے والد کی 18ویں برسی کے موقع پر عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والد کی موت کے حوالے سے نئے انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے اپنی یادداشتوں میں تصدیق کی ہے کہ النامق خاندان ہی نے ان کے بارے میں اطلاع دی تھی، اگر عراقیوں نے مجھے چنا تو مجھے سیاست میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ رغد نے کہا کہ اس وقت پورا خطہ المیوں کی لپیٹ میں ہے، عراقیوں کو چاہیے کہ کسی بھی بیرونی ایجنڈے کو مسترد کر دیں اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، کسی کو حق نہیں کہ مجھے سیاست میں کام کرنے سے روکے۔سابق عراقی صدر کی بیٹی نے یہ بھی کہا کہ آج ہمارا عرب خطہ بہت سے المیوں اور خطرناک واقعات کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے عراق بھی اس مرحلے سے گزر سکتا ہے اور یہ دوسروں سے زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔