پاکستان کا ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ،بھارت کیخلاف نہ کھیلنے کے اعلان پر آئی سی سی تلملا اٹھا

ٹی 20ورلڈ کپ پاکستان کا بھارت کیخلاف کھیلنے سے انکار
 بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ پاکستان کے انکار کی بنیادی وجہ قرار،بھارت کو 2پوائنٹس مل جائیں گے،مخصوص میچز میں شرکت کوعالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل 
لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کردیا جس پر آئی سی سی تلملا اٹھا وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی اور اس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو شیڈولڈ ہے۔ بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کی وجوہات سامنے آ گئیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں، بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بطور احتجاج بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا کہا گیا۔ پاکستان کی جانب سے میچ کھیلنے سے انکار کے بعد بھارت کو دو پوائنٹس مل جائینگے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل تلملا اٹھا اور کھیل کے اصول یاد دلانے لگا۔ آئی سی سی کی جانب سے ویب سائٹ پر بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنے کا منتظر ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایونٹ کے مخصوص میچز میں شرکت کرے گا، اس پوزیشن کو عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، جہاں تمام ٹیموں سے ایونٹ کے شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، مستقل مزاجی اور انصاف پر مبنی ہوتے ہیں اور مخصوص میچز میں شرکت مقابلوں کی افادیت کو مجروح کرتا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے۔آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے فینز کے مفاد میں نہیں، یہ فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمے داری پی سی بی سمیت اس کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے۔آئی سی سی نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسے تصفیحے کی تلاش کرے گا، جو باہمی طور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔