دوعالمی اداروں کا ما ئوں ، نومولود بچوں کیلئے امدادکااعلان

12 لاکھ ڈالر سے 4 لاکھ 10 ہزار ما ئوں، بچوں کو صحت کی سہولیات دی جائینگی 
لاہور (خصوصی رپورٹ )اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارے یونیسف اوردی چرچ آف جیسس کرائسٹ آف لیٹر ڈیز نے پاکستان میں ما ئوں اور نومولود بچوں کیلئے صحت کی سہولیات مضبوط بنانے کیلئے 12 لاکھ امریکی ڈالر کے تعاون کا اعلان کیا ہے۔پاکستان میں دو سالہ پروگرام کے ذریعے 4 لاکھ 10 ہزار ما ئوں اور نومولود بچوں تک رسائی حاصل کی جائے گی اور دورانِ حمل سے لے کر زچگی اور پیدائش کے بعد نومولود کی نگہداشت تک صحت کی مسلسل خدمات کو مضبوط بنایا جائے گا۔ پروگرام کا مقصد دورانِ حمل طبی معائنے کی شرح اور صحت کے مراکز میں زچگی کی شرح میں 50 فیصد اضافہ کرنا ہے جبکہ ما ئوں اور نومولود بچوں کے لیے ضروری صحت کی خدمات کے معیار اور دستیابی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے چرچ اور یونیسف کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ماں اور بچوں کی صحت میں بہتری پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔پاکستان میں اقوامِ متحدہ کی قائم مقام ریزیڈنٹ کو آرڈینیٹر اور یونیسف کی نمائندہ پرنیلے آئرن سائیڈ نے کہاپاکستان میں روزانہ 700 سے زائد نومولود بچے وفات پا جاتے ہیں اور تقریباً 500 بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں، حمل سے متعلق پیچیدگیوں پرہر گھنٹے تقریباً دو مائیں زندگی ہار جاتی ہیں۔ غذائی قلت، مریضوں کو بروقت طبی مراکز بھیجنے کے نظام میں خامیاں صورتحال کو مزید سنگین بنا دیتی ہیں۔