فنکار کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کا ٹیلنٹ ہوتا ہے:ارشد وارثی

 چاہتا ہوں میرے بچے بھی اپنی الگ شناخت اور راستہ بنائیں:بالی ووڈ اداکار
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی نے اداکارہ کنگنا رناوت کے اقربا پروری سے متعلق مقف پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلمی پس منظر رکھنے والے اداکاروں کے بچوں کے لیے بھی کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کے اداکار ارشد وارثی نے فلم انڈسٹری سے متعلق معاملات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخرکار کسی فنکار کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کی صلاحیت اور ٹیلنٹ ہوتا ہے۔ایک پوڈکاسٹ میں ارشد وارثی نے کہا کہ کنگنا نے اقربا پروری کا معاملہ اٹھایا، جس کے بعد اس پر کافی بحث شروع ہوئی، تاہم مجھے اس سے کوئی خاص پریشانی نہیں، آخر کار انسان کتنا آگے جائے گا، اس کا فیصلہ اس کا ٹیلنٹ کرتا ہے۔ارشد وارثی نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے بھی اپنی الگ شناخت اور راستہ بنائیں، تاہم اسٹار کڈز کے لیے توقعات پر پورا اترنا آسان نہیں ہوتا۔ارشد وارثی کے مطابق اسٹار کڈز سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جاتی ہیں اور انہیں کئی لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا پڑتا ہے، جو ان کے لیے منصفانہ نہیں۔