بالی ووڈ کے معروف فلم رائٹر اور پروڈیوسر سلیم خان نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ارباز خان کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اپنی اہلیہ سلمیٰ خان سے شادی کے دوران سب سے بڑی رکاوٹ مذہب تھا۔سلیم خان کے مطابق، ان کا تعلق سلمیٰ خان سے ابتدا میں خفیہ طور پر قائم ہوا تھا، مگر جلد ہی انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس رشتے کو گھر والوں کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سلمیٰ خان کا اصل نام سوشیلا تھا اور پہلی ملاقات کے وقت ان کے اہلِ خانہ شدید دباؤ میں تھے، ایسا محسوس ہوا جیسے پورے مہاراشٹر کے لوگ ملاقات دیکھنے جمع ہوگئے ہوں۔سلیم خان نے بتایا کہ سلمیٰ کے والد نے ان کے مذہب پر اعتراض کیا کیونکہ وہ ہندو اور سلیم خان مسلمان تھے، لیکن سلیم خان نے صاف جواب دیا کہ "ہمارے درمیان کئی مسائل ہوسکتے ہیں مگر مذہب کبھی رکاوٹ نہیں بنے گا۔" انہوں نے مزید کہا کہ سلمیٰ کی دادی اس رشتے کی سب سے بڑی حامی تھیں۔
یاد رہے کہ سلیم خان اور سلمیٰ کی شادی 1964 میں ہوئی، جس کے بعد سوشیلا نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر کے سلمیٰ خان رکھ لیا۔ شادی کے بعد ان کے چار بچے پیدا ہوئے: سلمان خان، ارباز خان، سہیل خان اور علویرا خان۔بعد ازاں 1981 میں سلیم خان نے اداکارہ ہیلن سے دوسری شادی کی، جو غیر مسلم ہیں، تاہم آج بھی پورا خاندان ایک ساتھ رہتا ہے اور ان کے درمیان کوئی مسائل نہیں ہیں۔یہ انکشافات بالی ووڈ کی مشہور فیملی کی ذاتی کہانی اور محبت، عزم و برداشت کی عکاسی کرتے ہیں۔