عمران خان کے مقدمات کی سماعت اب ویڈیو لنک پر ہو گی

 ٹرائل کا نیا نوٹیفکیشن جاری ،انتظامات کی ہدایات ، وکلا کا بائیکاٹ کا اعلان 
عمران خان کو سزا سنانے والے جج کی تعیناتی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سکیورٹی خدشات کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کی سماعت اب اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی جائے گی۔پنجاب حکومت نے 9 مئی کے 11 مقدمات کے ٹرائل کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 9 مئی کے 11 مقدمات کا ٹرائل اب انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگا اور بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت آئندہ اے ٹی سی عدالت میں ہو گی، ویڈیو لنک اور سکیورٹی انتظامات سے متعلق ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کی سفارش پر ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔دوسری جانب، وکیل صفائی فیصل ملک کا کہنا ہے کہ ویڈیو لنک واٹس ایپ کال ٹرائل مسترد کرتے ہیں، بانی چیئرمین تحریک انصاف ویڈیو لنک واٹس ایپ کال ٹرائل میں پیش نہیں ہوں گے۔ یہ فیصلہ بانی چیئرمین کو آئیسولیٹ کرنے کے لیے ہے۔وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ویڈیو لنک واٹس ایپ ٹرائل فری شفاف ٹرائل کا قتل ہے، ہم ایسے تمام ٹرائل کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزا سنانے والے جج ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کی تعیناتی کے خلاف درخواست نومبر کے دوسرے ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو نومبر کے دوسرے ہفتے میں سنیں گے، آج طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔