ہم نے بارہا طالبان حکومت کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی اعلی قیادت کی افغانستان میں موجودگی سے متعلق قابلِ تصدیق معلومات فراہم کیں
امید ہے 6 نومبر کو مذاکرات کے اگلے دور کا نتیجہ مثبت نکلے گا، افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان افغانستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتا، امید ہے 6 نومبر کو افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کا نتیجہ مثبت نکلے گا،پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر اقدام اٹھائے گا۔جمعے کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان مصالحتی عمل میں اپنا کردار جاری رکھے گا اور 6 نومبر کے مذاکرات سے مثبت نتائج کی امید رکھتا ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جمعرات کی شام استنبول میں ثالثوں کی موجودگی میں اختتام کو پہنچا۔ترجمان کے مطابق پاکستان نے 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے استنبول مذاکرات میں خوش دلی اور مثبت نیت کے ساتھ شرکت کی۔انہوں نے کہا افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مزید کسی کشیدگی کا خواہاں نہیں، لیکن طالبان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لئے فتن الخوارج اور فتن الہندوستان سمیت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کرے