مزدوروں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب کا 84 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان

مزدوروں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب کا 84 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر محنت کشوں، ورکرز، اور کان کنوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مزدور، ورکر اور محنت کش کی عظمت کو سلام ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ "محنت کش اللہ کا دوست ہے، اور ہم اللہ کے دوست کی قدر و احترام کرتے ہیں۔" انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے لیبر ڈے کے موقع پر محنت کشوں کے لیے تقریباً 84 ارب روپے کے مجموعی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت، راشن کارڈ کے ذریعے ورکرز اور کان کنوں کو 3 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق، جے ایس بینک کارڈ کے ذریعے محنت کش ڈیجیٹل کیش ٹرانسفر، ایڈوانس سیلری اور دیگر 13 سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ مزید برآں، قصور اور سرگودھا میں 50،50 بیڈز کے سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے، اور رحیم یار خان میں بھی 50 بیڈ کا سوشل سیکیورٹی اسپتال تعمیر کیا جائے گا۔

لاہور میں 200 بیڈز پر مشتمل جدید ترین کارڈیک سٹی صرف محنت کشوں کے لیے قائم کیا جائے گا۔ ٹیلی کلینکس کے ذریعے ورکروں کو ماہر معالجین سے علاج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹیکسلا میں نئی لیبر کالونی اور سندر اسٹیٹ میں ورکر ویلفیئر کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ واربرٹن میں نئی لیبر کالونی اور ملتان میں فیز ٹو کا آغاز بھی کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ خواتین ورکرز کے لیے فیکٹریوں میں 300 ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، صوبہ بھر میں کم از کم اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ "محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منزلیں طے نہیں کر سکتی، اور حکومت پنجاب ہر قدم پر محنت کش بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔"