سیاحوں کو بچانے والے نوجوانوں کو عمرے پر بھیجا جائیگا:گورنر خیبر

سول ایوارڈ دینے کے لوے وزیراعظم کو سفارش کی جائے گی‘حکومت نے سوات کے واقعہ پر غفلت برتی
پی پی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ کرتی ہے تو اچھی بات ہے:فیصل کریم کنڈی کی نجی ٹی وی سے گفتگو
پشاور(آئی  این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات واقعے میں سیاحوں کی جان بچانے والے دونوں نوجوانوں کو عمرے کی ادائیگی کے لئے بھجوانے اور سول ایوارڈ دینے کے لیے وزیراعظم کو سفارش کرنے کا اعلان کر دیا۔  گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سوات واقعے میں سیاحوں کی جان بچانے والے مقامی نوجوانوں نے ملاقات کی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محمد ہلال خان اور عصمت علی کو سیاحوں کی جان بچانے پر خراج تحسین پیش کیا، اور دونوں کی بہادری اور انسانی امداد کے جذبے کو سراہا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کو بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے پر تعریفی شیلڈ پیش کی، نوجوانوں کو اپنی جانب سے عمرہ پر بھیجنے اور سول ایوارڈ دینے کیلئے وزیراعظم کو سفارش بجھوانے کا بھی اعلان کیا۔ دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سوات واقعے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔  ایک  ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لئے بہتر سہولیات ہونی چاہیئں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواحکومت نے سوات واقعے میں غفلت کا مظاہرہ کیا، انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں واقعہ ہوا تو ریسکیو ادارہ کدھر تھا؟ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات کے نمائندے بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں، بلین ٹری پراجیکٹ آج کہاں ہے؟