اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے پہلے دن معیشت اور سرمایہ کاری سے متعلقہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی اور تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے سفارشات طلب کر لیں تاکہ بیرونی اور ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں کے وزراء، معاونین، چیف سیکریٹریز، نیشنل کوآرڈی نیٹرز، ایس آئی ایف سی کے حکام اور دیگر سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لیے فوری طور پر سفارشات مرتب کریں، اور برآمدات کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی جائے تاکہ پاکستان کی صنعتی اور تجارتی ترقی میں اضافہ ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات اور معاشی گورننس کی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے، اور سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی معاونت کی جائے اور سرمایہ کاری کے لیے ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔مزید برآں، وزیراعظم نے صنعتی پیداوار، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں یکساں توجہ دینے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا تاکہ مجموعی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کا مقصد ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانا، برآمدات کو فروغ دینا اور سرمایہ کار دوست ماحول قائم کرنا تھا، تاکہ ملکی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔