پاکستان کے ساتھ تعلقات غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں:ڈاکٹر محمد یونس

ڈھاکہ میں  سردار ایاز صادق کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر  سے ملاقات‘ خالدہ ضیاء  کے انتقال پراظہار تعزیت
ڈھاکہ(آن لائن) پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران، سپیکر نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بہتر ہوتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمنٹ میں پاکستان-بنگلہ دیش فرینڈ شپ گروپس کے قیام کی تجویز پیش کی، تاکہ دونوں قوموں کے مابین روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔