ہر شخص پاکستان کا مالک ہے‘ غیر مجاز افراد اور ہجوم کو سرکاری یا محفوظ جگہ پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی
جرم کو سیاست کی آڑ میں چھپانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی:سپیکر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو
لاہور (آئی این پی )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ انہیں سپیکر خیبرپختونخوا کا خط ابھی موصول نہیں ہوا، مگر وہ پرامید ہیں کہ خط میں جمہوری اور آئینی باتیں لکھی گئی ہوں گی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی سپیکر کے پی عوامی طبقے کے ساتھ آئینی گفتگو کر رہے ہیں۔ ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا وہ خط پڑھ کر جواب دینا چاہتے ہیں اور سپیکر کے پی اکثر خطوط بھیجتے رہتے ہیں، جنہیں وہ محبت اور احترام کے ساتھ لیتے ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کی اہمیت اور وہاں کے عوام کے کردار کو اجاگر کیا، کہا کہ ہر شخص پاکستان کا مالک ہے اور یہ صوبہ ملک کا فخر ہے۔ ملک محمد احمد خان نے واضح کیا غیر مجاز افراد اور ہجوم کو کسی بھی سرکاری یا محفوظ جگہ پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، خاص طور پر وہ لوگ جو پاکستان کے جھنڈے جلانے یا ملک پر حملے میں ملوث رہے۔ انہوں نے وزیراعلی کے پی کو داخلے کی خصوصی اجازت دی، لیکن صرف محدود اور مجاز افراد کیلئے ۔ جرم کو سیاست کی آڑ میں چھپانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ تشدد یا جلاؤ گھیراؤ کو سیاسی حق سمجھے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور ریاستی عمل میں دوہرا معیار قبول نہیں کیا جا سکتا