شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی

شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی

لاہور: جناح ہاؤس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

 عدالت نے پراسیکیوشن کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر دلائل دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر شاہ محمود قریشی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ضمانت کی درخواست پر کارروائی کو طول دینے کے لیے ریکارڈ پیش نہیں کر رہی۔

عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور پراسیکیوشن کو آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں جیل سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ یہ مقدمہ 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا تھا، جس کا نمبر 108/23 ہے۔