ہیڈکوارٹرز سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ، تبدیلیاںتاحکمِ ثانی فوری نافذ العمل ہونگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں مختلف زونز اور ونگز کے 9 افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئییہیں۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز سے باضابطہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبدیلیاں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہیں اور فوری طور پر تاحکمِ ثانی نافذ العمل ہوں گی۔ نوٹیفکیشن ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم صائم سلطان کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے چار ڈپٹی ڈائریکٹرز کی نئی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جن میں ہاشم رضا کو کمپوزٹ سرکل ساہیوال سے تبدیل کر کے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔ طارق محمود کو فیصل آباد زون سے کراچی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ساؤتھ) کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح اعجاز احمد شیخ کو کمرشل بینکنگ سرکل فیصل آباد سے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے اکنامک کرائم ونگ میں جبکہ فرخ بیگ کو فیصل آباد سے تبدیل کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن گوجرانوالہ زون تعینات کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں گریڈ 17 کے پانچ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھی نئی ذمہ داریاں دیتے ہوئے ان کی اپنی تنخواہ و سکیل (او پی ایس) پر بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔ ان میں عمر فاروق کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن فیصل آباد زون اور الطاف گوہر کو ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل ساہیوال مقرر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا ریجن میں افتخار علی کو ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد، فضل اکبر کو ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل پشاور زون جبکہ شفقت جمال کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن پشاور زون کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔