جدید ٹریفک سگنلز نصب کرنے کی تیاری

مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید خودکار سگنلز کی تنصیب کے لیے 59 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز طلب 
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ٹیپا نے وہیکل ویڈیو ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی سے منسلک خودکار سگنلز کی تنصیب کے لیے 59 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز طلب کر لیے۔منصوبے کے لیے فنڈز کے اجرا کی غرض سے محکمہ ہائوسنگ پنجاب کو باضابطہ سمری ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ ابتدائی تجربہ کامیاب ہونے کے بعد منصوبے پر مزید پیش رفت شروع کر دی گئی۔اڈا پلاٹ اور جاتی عمرہ چوک پر جدید پیلیکن ٹریفک سگنلز فعال کر دیے گئے ہیں، شہر کے دیگر اہم چوراہوں کو بھی اس جدید نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ٹیپا نے روایتی ٹریفک کنٹرول نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے کی تیاری کر لی۔ مجوزہ منصوبے کے تحت وہیکل ویڈیو ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی پر مبنی اے آئی ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے، جو گاڑیوں کی آمدورفت کی مسلسل نگرانی کریں گے۔جدید نظام میں چوراہوں پر نصب کیمروں کے ذریعے ٹریفک کے دبائو کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد سگنلز کی ٹائمنگ خودکار طریقے سے تبدیل ہو گی۔ جس سڑک پر گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہو گی، وہاں ٹریفک کے بہائو کے مطابق سگنل کا دورانیہ ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔