خالد نذیر اسپننگ کی جانب سے دائر ٹیکس ریفرنس منظور ، اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کا اپیل ناقابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ کالعدم
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس دہندگان کے حق میں اہم فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سیلز ٹیکس کے معاملات میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کمشنر ان لینڈ ریونیو (اپیلز ) رجوع کیے بغیر براہ راست اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے خالد نذیر اسپننگ لمیٹڈ کی جانب سے دائر ٹیکس ریفرنس منظور کرتے ہوئے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کا اپیل ناقابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ کالعدم کردیا۔ جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ پر مشتمل بینچ کا 20 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے جاری کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ فنانس ایکٹ 2025 کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 45-B میں شامل دوسرے پرووائزو کے تحت رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کو کمشنر اپیلز کا فورم اختیار کیے بغیر براہ راست اپیلٹ ٹربیونل سے رجوع کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ دفعہ 46 میں بھی اس حق کو تسلیم کیا گیا ہے، اس لیے دونوں دفعات کو باہم ملا کر پڑھنا ضروری ہے۔عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ کسی ٹیکس دہندہ کی اپیل محض اس بنیاد پر مسترد نہیں کی جاسکتی کہ متعلقہ افسر نے فیصلہ دفعہ 45-B میں درج مخصوص قانونی دفعات کے بجائے کسی دوسری قانونی شق کے تحت کیا ہے