ایس ایم ایز کی فنانسنگ میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے: گورنر سٹیٹ بینک

لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  ایس ایم ایز کی فنانسنگ میں نمایاں اضافہ حکومت کی معاشی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ زراعت، ہائوسنگ اور برآمدات کو بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی ، نائب صدر چودھری خادم حسین ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹراختر جاوید، چیف مینیجر انصر افتخار، سینئر ڈپٹی چیف مینیجر محمد طاہراور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایگزم بینک شہباز حسین سید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ بغیر کولیٹرل قرضوں کی حد 1 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔، ایس ایم ایز کی تعریف میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ چھوٹے کاروباروں کے لیے سالانہ کاروباری حجم کی حد 15 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 80 کروڑ سے بڑھا کر 2 ارب روپے کر دی گئی ہے۔ اس طرح 2 ارب روپے تک کاروباری حجم رکھنے والے ادارے ایس ایم ایز کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کی لاگت، ٹیکسوں اور توانائی کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔