طالبان کا پھر حملہ‘پاکستان کا بھرپور جواب‘متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ

جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ علاقوں میں افغان طالبان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات
دہشت گردوں نے ضلع خاران کے علاقے میں  چیک پوسٹ کو ڈرونزسے نشانہ بنانے کی کوشش‘سکیورٹی فورسز نے5 ڈرون مار گرائے
 اسلام آباد‘کوئٹہ( آن لائن )پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان رجیم کی متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ کر دیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 27 اکتوبر کو انگوراڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج نے جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو اپنی متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں‘دریں اثناء بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بروقت موثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے حملے کے خلاف موثر اور فوری کارروائی کرتے ہوئے 5ڈرون مارگرائے۔فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع خاران کے علاقے البٹ میں قائم چیک پوسٹ کو کم درجے کے ڈرونزسے نشانہ بنانے کی کوشش کی، بروقت ردِعمل میں پانچوں ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیئے گئے