اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری نے عالمی سطح پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بات سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ملاقات کے دوران کہی، جو آج ان کے دفتر میں ہوئی۔ ملاقات میں سیکرٹری خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں عالمی سطح پر پاکستانی مؤقف اجاگر کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ کی کوششوں پر تفصیل سے آگاہ کیا۔سیکرٹری خارجہ نے سینیٹر عرفان صدیقی کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ دوروں اور فلسطین کے مسئلے کو سیاسی اور سفارتی سطح پر پیش کرنے کے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔عرفان صدیقی نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک نے پہلگام کے بارے میں بھارت کے جھوٹے دعوؤں کو تسلیم نہیں کیا، یہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام اس وقت شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور پاکستان کے اقدامات ان کی مشکلات کم کرنے اور عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔