شاہ جمال کالونی اور اچھرہ روڈ کے پوش علاقے میں مویشیوں کی موجودگی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گائے اور بھینسوں کو رہائشی علاقوں میں باندھنے سے نہ صرف صفائی کی صورتحال بگڑ گئی ہے بلکہ ان علاقوں میں گندگی، گوبر اور تعفن بھی پھیل گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے سیوریج سسٹم بھی اکثر چوک ہو جاتا ہے اور سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر جمع ہو جاتے ہیں، جس سے صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ صفائی کی کمی کے باعث بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، اور یہ مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مویشیوں کو رہائشی علاقوں سے نکالنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس کے تحت مویشیوں کو ان علاقوں سے منتقل کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ شہر کی صفائی اور صحت کی صورتحال میں بہتری لائی جا سکے۔ شہریوں نے ان اقدامات کی تعریف کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے کی صفائی اور صحت کے مسائل حل ہو سکیں گے۔