ایوان نے پنجند، نیکسس سیالکوٹ اور علی بن عثمان انسٹی ٹیوٹ بلز منظور کر لیے
کریمنل پراسیکیوشن سروس پاورز ترمیمی بل مزید غور کیلئے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا
لاہور( خصوصی رپورٹ) پنجاب اسمبلی نے اہم قانون سازی کرتے ہوئے دی پنجند یونیورسٹی بل 2025 اور دی نیکسس یونیورسٹی سیالکوٹ ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔ دونوں بل حکومتی رکن پنجاب اسمبلی رانا ارشد کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے، جنہیں کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔ایوان نے اس موقع پر علی بن عثمان انسٹی ٹیوٹ ملتان بل 2025 کی بھی منظوری دے دی، جو حکومتی رکن رانا محمد ارشد نے پیش کیا۔ ان بلز کی منظوری کے بعد صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، نئے تعلیمی اداروں کے قیام اور تعلیمی مواقع میں اضافے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔دوسری جانب دی پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس پاورز ترمیمی بل بھی پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ ایوان کی منظوری کے بعد اس بل کو مزید غور و خوض کے لیے دو ماہ کی مدت کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔حکومتی ارکان کا کہنا ہے کہ تعلیمی بلز کی منظوری حکومتِ پنجاب کے تعلیمی ویڑن کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد صوبے میں معیاری اور جدید اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینا ہے۔