پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور مستقبل میں انتخابی دھاندلیوں کی روک تھام کے لیے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ چند گھنٹوں کے دوران دونوں فریقین کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی، جس میں انتخابی اصلاحات اور مستقبل میں شفاف انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں شرکت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات میں شفافیت کو مؤثر بنانے کے لیے پیپلزپارٹی کی تجویز سے اتفاق بھی کیا۔مجوزہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی انتخابی عمل میں سامنے آنے والی شکایات اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کرنے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے حتمی جواب دینے کے لیے اپنی قیادت سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔ انہیں امید ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے مثبت جواب سامنے آئے گا اور تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مل کر آگے بڑھیں گی۔