غیرت کے نام پر میاں بیوی اور دو بچوں کا قتل

غیرت کے نام پر میاں بیوی اور دو بچوں کا قتل

سکردو: شہر کے علاقے مدینہ کالونی کے عقب میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو قتل کردیا۔

چار افراد کے بہیمانہ قتل کی واردات نے پورے علاقے میں خوف و ہراس اور شدید تشویش پیدا کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق مقتولین میں 35 سالہ اسلم، ان کی 30 سالہ اہلیہ ہانیہ اور دو کمسن بچے شامل ہیں، جن کی عمریں بالترتیب 5 سال اور ڈھائی سال بتائی گئی ہیں۔ چاروں افراد کی لاشیں گھر سے ملنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول اسلم اور ہانیہ نے تقریباً سات سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کورٹ میرج کے ذریعے ہوئی تھی۔ اسلم کا تعلق ضلع روندو جبکہ ہانیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جاتا ہے۔

غیرت کے نام پر قتل کا شبہ

پولیس حکام کے مطابق واقعے کو غیرت کے نام پر قتل سمیت مختلف ممکنہ پہلوؤں سے دیکھا جارہا ہے۔ دوسری جانب مقتول اسلم کے لواحقین نے قتل کا الزام اس کے سسرالی رشتہ داروں پر عائد کیا ہے۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال واقعے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی کسی فریق کے خلاف الزامات کی تصدیق ہوئی ہے۔ قتل کی وجوہات، ممکنہ محرکات اور ذمہ داروں کا تعین مکمل تحقیقات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی

چار افراد کے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے، جبکہ ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے۔پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا پتا لگایا جاسکے اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ایک ہی خاندان کے چار افراد، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں، کے قتل کے اس افسوسناک واقعے نے سکردو سمیت پورے علاقے کو سوگوار کردیا ہے۔