لاہور میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ٹریفک انجینئرنگ اینڈ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا) نے جدید اے آئی ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے منصوبے کے لیے 58 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیپا کے چیف انجینئر نے منصوبے کے لیے مطلوبہ فنڈز کے اجرا سے متعلق سمری محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کو ارسال کردی ہے۔ سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے رواں مالی سال کے دوران درکار فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ مختلف اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر جدید ٹریفک سگنل سسٹم نصب کیا جاسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہیکل ویڈیو ڈیٹیکشن (AI) ٹریفک سگنلز کے منصوبے کا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے، تاہم مجموعی طور پر 59 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اس منصوبے کے لیے موجودہ مالی سال میں صرف ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فنڈز کی محدود دستیابی کے باعث منصوبے کی تکمیل کے لیے مزید رقم درکار ہے۔ٹیپا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ سمیت مجموعی منصوبے کا تقریباً 30 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ اس سلسلے میں اڈا پلاٹ اور جاتی عمرہ چوک سمیت مختلف مقامات پر جدید پیلیکن ٹریفک سگنلز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ منصوبے کے اگلے مراحل میں دیگر اہم مقامات پر خودکار وہیکل ویڈیو ڈیٹیکشن سسٹم کے تحت سگنلز لگائے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت نصب کیے جانے والے جدید سگنلز کا مقصد گاڑیوں کی آمدورفت کا خودکار انداز میں جائزہ لے کر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے۔ اس نظام کے ذریعے مختلف چوراہوں پر ٹریفک کی صورتحال کے مطابق سگنلز کو مؤثر انداز میں چلانے میں مدد مل سکے گی، جس سے ٹریفک دباؤ کم کرنے اور شہریوں کے سفر کو آسان بنانے کی توقع ہے۔ٹیپا نے حکومت پنجاب سے استدعا کی ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے رواں مالی سال کے دوران 58 کروڑ روپے سے زائد کے مطلوبہ فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ باقی ماندہ کام مکمل کیا جاسکے۔