ڈرائیور کو اونگھ ،بس نالے میں جاگری ،5مسافر جاں بحق

 پنڈی بھٹیاں،حافظ آباد(خصوصی رپورٹ) فتح کی فلائی اوور کے قریب ڈرائیور کو نیند آ جانے کے باعث تیز رفتاری کے باعث بس سیم نالے میں جا گری، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق 65 سے زائد افراد بس میں سوار ہو کر چناب نگر ضلع چنیوٹ کے علاقہ میں منعقد ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں فتح کی فلائی اوور کے قریب ڈرائیور کو اونگھ آ گئی جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سیم نالے میں جا گری ،حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 5 افراد ارسلان، محمد علی، عادل، محمد مذکر مبین اور محمد احمد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو بس سے نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دوسری جانب پولیس تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں نے ڈرائیور ذوالفقار علی اور ایکسپریس کمپنی کے مالک کیخلاف غفلت اور روٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ بس ڈرائیور حادثہ کے بعد فرارہوگیا۔