مدارس رجسٹریشن کا آغاز خوش آئند، مالی معاملات میں شفافیت آئیگی:راغب نعیمی
لاہور(خصوصی رپورٹ)جامعہ نعیمیہ لاہور پنجاب چیریٹی کمیشن میں رجسٹرڈ ہونیوالا پہلا مدرسہ بن گیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا ہے کہ چیریٹی کمیشن کے پورٹل پر مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز خوش آئند ہیجس سے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل آسان اور انکے مالی معاملات میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیریٹی کمیشن کے سی ای او کرنل(ر)شہزاد سے ملاقات پرکیا۔ مدارس رجسٹریشن، بینکنگ سہولیات اور مالی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے مزید کہا چیریٹی کمیشن نے اہلِ مدارس کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے پورٹل کے ذریعے مدارس رجسٹریشن کا عمل شروع کیا ہے، جس سے مدارس کو قانونی و انتظامی امور کی انجام دہی میں سہولت ملیگی۔ انہوں نے کہا چیریٹی کمیشن کے پورٹل کے ذریعے مدارس رجسٹریشن کا عمل نسبتاً آسان ہو گیا ہے۔ اس سہولت سے مدارس کو بالخصوص بینک اکا ئونٹس کھلوانے اور انہیں فعال رکھنے کے سلسلے میں درپیش مشکلات کے حل میں مدد ملے گی کیونکہ بعض بینک مدارس سے چیریٹی کمیشن کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ طلب کرتے ہیں۔