لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے سکول ٹیچر انٹرنز کی بھرتیوں کیلئے انٹرویوز کا آغاز ہوگیا۔ ایس ٹی آئیز کی خالی اسامیوں پر انٹرویوز 30 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ کامیاب امیدواروں کو یکم نومبر سے جوائننگ لیٹر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ میرٹ پربھرتیوں کیلئے یونین کونسل کے علاوہ پی ایچ ڈی، ایم فل، ایم ایڈ اور بی ایڈ قابلیت کے الگ الگ نمبر رکھے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پرائمری سکولوں کے ایس ٹی آئیز کو 35 ہزار ماہانہ، مڈل سکولوں میں 38 ہزار جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعینات انٹرنز کو 45 ہزار ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ امیدواروں کی حتمی تعیناتی میرٹ اور متعلقہ مراحل کی تکمیل سے مشروط ہوگی۔