لانگ مارچ ،جماعت اسلامی کی 10 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

 حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو لانگ مارچ ملتان سے شروع ہوگا،ضیاء الدین 
لاہور (خصوصی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے دس رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق میاں محمد اسلم کو کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر طارق سلیم، عنایت اللہ خان، عبدالرزاق عباسی، سید ذیشان اختر، نصر اللہ رندھاوا، عبدالرئوف واسع، محمد ظہور خٹک، ضیاء￿  الدین انصاری اور محمد جاوید قصوری کمیٹی میں شامل ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد لانگ مارچ کے انتظامی امور اور تیاریوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانا ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو لانگ مارچ ملتان سے شروع ہوگا۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔