لاہور(کرائم رپورٹر)بھارتی جیلوں سے طویل قید کے بعد رہائی پانے والے 12 پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام نے ایدھی فائونڈیشن لاہور کے حوالے کر دیا۔ ترجمان ایدھی فائونڈیشن کے مطابق پاکستانی ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرکے بھارتی جیلوں میں قید رکھا گیا تھا، جہاں انہوں نے 8 سے 9 سال تک قید کاٹی۔رہائی پانے والے ماہی گیروں میں محبوب علی، نورالامین، بشیر جاوید، سید غلام مرتضیٰ، کریم، اعظم الدین، نور نبی، امیر حسین بنگالی، کمال حسین ، شریف، احمد نور اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام ماہی گیروں کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے لاہور سے کراچی روانہ کر دیا گیا۔ ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو سفری اخراجات، کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔