سینیٹ : آبادی میں تیز رفتار اضافے سے نمٹنے کیلئے قرارداد منظور

 پاکستان کی آبادی 2050 تک 39 کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، فوری اقدامات ناگزیر ہیں
صوبائی حکومتوں، پارلیمان، میڈیا، علما  کو آبادی کے مسئلے پر مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانا ہوگی:شیری رحمان
  اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ میں آبادی میں تیز رفتار اضافے سے نمٹنے کے لیے قرارداد منظور کر لی گئی۔قرارداد پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 2050 تک 39 کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا  کہ آبادی کے اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایکشن لیا جائے، پاکستان کی شرح آبادی میں اضافہ جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی خوراک، پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات پر شدید دبائو ڈال رہی ہے۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر 40 فیصد بچے غذائی قلت کے باعث نشوونما میں رکاوٹ کا شکار ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ ہونے سے ماں کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں، پارلیمان، میڈیا، علما اور کمیونٹی رہنمائوں کو آبادی کے مسئلے پر مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔