1 لاکھ 37 ہزار بجلی کنکشن تاخیر کا شکار

بجلی بھی فروخت نہ ہو سکی،ادائیگی کیباوجود 1 لاکھ 29 ہزار 948 گھریلو ، 6644 کمرشل کنکشن نہ لگ سکے 
 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود تقسیم کار کمپنیاں عوام کے ایک لاکھ 37ہزار 862بجلی کے نئے میٹرز لگانے میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے بجلی کی فروخت میں کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران 1 لاکھ 37 ہزار 862 نئے کنکشن نہ لگ سکے۔ اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود ان میٹرز کے نہ لگنے سے 573 میگاواٹ بجلی فروخت نہیں ہوسکی۔ ان میٹرز میں سب سے زیادہ تعداد گھریلو صارفین کی ہے جو نئے میٹرز کے لیے درخواستیں دے چکی ہے۔ دستاویزات کے مطابق صارفین نے پیسے بھی ادا کر دیئے ہیں۔ 1 لاکھ 29 ہزار 948 گھریلو صارفین، 6 ہزار 644 کمرشل صارفین، 331 صنعتی، 171 زرعی اور 768 دیگر صارفین نئے بجلی کنکشن سے محروم رہے ۔ کچھ صارفین کی درخواستوں کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن میٹرز کی تنصیب نہیں ہوسکی۔ سب سے زیادہ سست روی ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی میں دکھائی گئی جس میں 57 ہزار سے زائد کنکشن تعطل کا شکار ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 44 ہزار ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 17 ہزار اور گیپکو میں 9 ہزار سیزائد کنکشن نہ لگ سکے۔ ذرائع پاور ڈویڑن نے بتایا کہ بجلی کی طلب میں مسلسل کمی آرہی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں پر اثر پڑ رہا ہے۔