دوران قید یاسمین راشد کی تکیوں اور کشنز پرخوبصورت کشیدہ کاری

لاہور(خصوصی رپورٹ)پی ٹی آئی کی 76 سالہ اسیر رہنما وسابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے قید کے دوران تکیوں اور صوفے کے کشنز پر ہاتھ سے خوبصورت کشیدہ کاری کی ہے۔ انہوں نے تکیوں اور صوفہ کے کشنز پر ہاتھ سے مختلف رنگوں کے دھاگوں اور سوئی سے اس قدر خوبصورت کڑھائی کی ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے،اس کڑھائی میں کہیں ہاتھی، گھوڑا، الو اور خوبصورت بلیاں نمودار ہوتی ہیں تو کہیں ،پہاڑ، بیل بوٹے، پھول اور گلدستے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے اندر چھپی بہار کے سبھی رنگ ان تکیوں اور صوفہ کشنز پر بکھیر دئیے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ہر ٹانکا صبر کی علامت اور ہر رنگ امید کی کرن ہے ،جب حالات آپ کے قابو میں نہ رہیں تو تخلیق ہی آپ کو تسکین پہنچاتی ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے ایک کتاب بھی تحریر کی ہے جو جلد منظر عام پر آ جائے گی۔