غیر قانونی کال سینٹرز سے 42 افراد گرفتار

 این سی سی آئی اے کی کارروائیاں،تین مقامات سے 67 لیپ ٹاپ، 50 موبائل فون اور دو سرور سسٹم بر آمد
 لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی ہدایت پر غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین مقامات سے 11 خواتین سمیت 42 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 67 لیپ ٹاپ، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، 50 موبائل فون اور دو سرور سسٹم بر آمد کیے گئے۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ٹیموں نے گارڈن ٹا ئون اور گلبرگ میں چھاپے مارے۔ گارڈن ٹا ئون سے 12 مردوں اور 10 خواتین سمیت 22 افراد، جبکہ گلبرگ سے چھ مردوں اور ایک خاتون سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں مقامات سے مجموعی طور پر 29 افراد گرفتار ہوئے۔ گارڈن ٹا ئون سے 19 لیپ ٹاپ، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور 24 موبائل فون، جبکہ گلبرگ سے 28 لیپ ٹاپ اور 12 موبائل فون قبضے میں لیے گئے۔ او پی ایف سوسائٹی میں کارروائی کے دوران مزید 13 افراد کو گرفتار کیا گیا، جہاں سے 20 لیپ ٹاپ، 14 موبائل فون اور دو سرور سسٹم بر آمد ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان مراکز کے ذریعے امریکی شہریوں سمیت بیرونِ ملک صارفین کو موبائل فون اپ گریڈ، ٹیلی کام پیکجز اور سم سے متعلق خدمات کی پیشکش کی آڑ میں مبینہ طور پر دھوکا دہی کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ ملزمان پر امریکی ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرکے صارفین کی مالی معلومات حاصل کرنے اور غیر مجاز لین دین کے ذریعے رقوم وصول کرنے کا شبہ ہے۔ گارڈن ٹا ئون سے بر آمد ہونے والے ڈیجیٹل مواد کی ابتدائی جانچ کے دوران ڈائلر سافٹ ویئر اور مشتبہ سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا سامنے آیا ہے۔ تمام بر آمد شدہ آلات کو مزید فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد کے کردار، مبینہ مالی لین دین اور اس سرگرمی سے منسلک دیگر افراد کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا کہ بیرونِ ملک صارفین کو ٹیلی مارکیٹنگ کی آڑ میں مالی دھوکا دہی کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔