انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتِ حال، آبنائے ہرمز اور یمن میں درپیش مسائل سمیت روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق صدر اردوان نے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ دفاعی اتحاد کے تحت آبنائے ہرمز اور یمن سے متعلق مسائل کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینا ہے۔رابطے کے دوران آبنائے ہرمز کی صورتِ حال کو بھی اہمیت حاصل رہی۔ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں کشیدگی کے اثرات عالمی تیل کی سپلائی، توانائی کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں سفارتی رابطوں اور مذاکرات کو خطے میں استحکام کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔