پاکستان ریلویز میں 22ہزار 546اسامیاں خالی

 عملے کی کمی کے باعث ریلوے آپریشنز چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے: وزارت ریلوے
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان ریلویز میں گریڈ ایک سے 21 تک کی 22 ہزار 546 آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع وزارت ریلوے کے مطابق خالی آسامیوں میں ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل دونوں نوعیت کی آسامیاں شامل ہیں، پنجاب میں ریلوے کی 12 ہزار 165، سندھ میں 7 ہزار 245، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 840، جب کہ بلوچستان میں ایک ہزار 296 آسامیاں خالی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کے باعث ریلوے آپریشنز چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان ریلویز میں ضرورت کے مطابق ڈیلی ویجز پر لوئر ٹیکنیکل اسٹاف بھرتی کیا جاتا ہے۔ذرائع وزارت ریلوے کے مطابق خالی آسامیوں پر ضروری بھرتیوں سے متعلق منصوبے پر کام جاری ہے۔