طویل المدتی شراکت داری کے حوالے سے پراعتماد ہیں:نیشنل گرڈ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں فرانس کے سفیر عزت مآب Jean-Noël Poirier کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے نیشنل گرڈ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک سے واپڈا ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کے بجلی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے اور اس شعبے کو درکار آلات کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل گرڈ نے پاکستان میں بجلی پیداوار کی وسیع استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گرڈ پاکستان انڈیکیٹو جنریشن کیپیسٹی ایکسپینشن پلان کے تحت قابلِ تجدید توانائی کو قومی ترسیلی نظام میں شامل کرنے کے لیے اپنے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم کو تیز رفتار بنیادوں پر ترسیلی نظام کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ مستقبل میں اس نظام کو مزید وسعت دی جائے گی۔انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا کہ نیشنل گرڈ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے اور کام کی جگہ پر صنفی مساوات کے فروغ کے لیے پْرعزم ہے۔ انہوں نے ’’آواز‘‘ (Awaaz) فورم اور صنفی تنوع کے لیے قائم مخصوص نیٹ ورک کا ذکر کیا جس کی قیادت بھی خواتین منیجرز کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع، باعزت اور مساوی مواقع پر مبنی ماحول کمپنی کی بنیادی اقدار کا حصہ ہے اور ادارے کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔فرانسیسی سفیر نے نیشنل گرڈ پاکستان کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ادارے کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔