وزیراعظم لیوی کا جواز پیش نہ کرسکے‘ہمیں کہا پیسے کہاں سے آئیں گے؟ ہم نے جواب دیا عوام کیوں دیں:حافظ نعیم

حکومت ہر ماہ عوام سے 150ارب  روپے   لیوی وصول کرتی ہے،  اس کے مقابلے میں صرف 32 ارب روپے کا ریلیف دیا جاتا ہے 
جماعت اسلامی کا اسلام آباد مارچ  کسی صورت ملتوی نہیں ہوگا،نومبر کے وسط میں  کیا جائے گا:امیر جماعت   کی پریس کانفرنس
کراچی(آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے  پٹرولیم لیوی کے خلاف اور عوامی حقوق کے حصول کیلئے  جماعت اسلامی کا اسلام آباد مارچ کسی صورت ملتوی نہیں ہوگا، نومبر کے وسط میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کی شدید مذمت کی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارچ سے قبل لیوی ختم کرنے کے لیے شفاف اور واضح نظام وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا ملاقات کے دوران وزیراعظم لیوی عائد کرنے کا جواز پیش نہ کرسکے اور انہوں نے کہا حکومت کے پاس پیسے کہاں سے آئیں گے جس پر ہم نے کہا عوام کیوں پیسے دیں‘حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد مارچ کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، پٹرولیم لیوی کا 70 فیصد سے زائد بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے، جو اس مد میں حکومت کو 100 ارب روپے سے زائد ادا کر رہا ہے۔انہوں نے حکومت کی ریلیف پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ماہ عوام سے ڈیڑھ سو ارب روپے لیوی وصول کرتی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں صرف 32 ارب روپے کا ریلیف دیا جاتا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس نامکمل ریلیف کو قبول نہیں کرے گی اور عوام کو ان کا مکمل حق ملنا چاہیے، بصورت دیگر حتمی فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوگا۔