مظاہرین کے تشدد سے پولیس کے 170ملازمین زخمی ہوئے، 2 اہلکار بلٹ کا شکار ہوئے
1159 ملزموں کو گرفتار کیا گیا‘ 64افغان باشندے بھی شامل ہیں:ڈی پی او اٹک کیساتھ پریس کانفرنس
راولپنڈی(آئی این پی )آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا ہے پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے پولیس پر تشدد اور سیدھی فائرنگ کی گئی،مظاہرین کے تشدد سے پولیس کے 170ملازمین زخمی ہوئے، زخمیوں میں 2 اہلکار بلٹ کا شکار ہوئے، 25 اہلکاروں پر ڈنڈوں سے تشدد کیا گیا،پولیس کی 11 گاڑیوں کا نقصان ہوا، مظاہرین نے موٹروے پر آگ لگائی، باعث مجبوری راستے بند کیے گئے، 1159 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 64افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ آر پی او راولپنڈی بابرسرفراز الپا کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کی کال سے قبل بھی اسی سیاسی جماعت کی طرف سے احتجاج کی کال دی گئی تھی جس سے پورا راولپنڈی ریجن متاثر ہوا تھا، 24 نومبر کی کال پرامن احتجاج کے طور پر بتائی گئی، 24 نومبر کی کال پرتشدد بن کر سامنے آئی۔ پی ٹی آئی کے ہزاروں مظاہرین راولپنڈی کے ضلع اٹک میں داخل ہوئے، پولیس کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا گیا تاہم مظاہرین نے پولیس پر براہ راست فائرنگ کی، اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا، مظاہرین میں شامل تربیت یافتہ افراد نے مہارت سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا