لاہور: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں تین ڈاکو ہلاک، دو فرار

لاہور: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں تین ڈاکو ہلاک، دو فرار

لاہور کے علاقے چوہنگ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی ایس پی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد چوہنگ سے ملتان روڈ کی جانب جا رہے تھے کہ اہلکاروں نے انہیں مشکوک سمجھتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم، ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے، جبکہ دو فرار ہوگئے۔ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ایک واردات کے دوران ایک خاتون سے زیادتی میں بھی ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر مشکوک سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر کے مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔