زندہ ہو کر دور ہو جانا سب سے بڑا دکھ ہے: ثروت گیلانی کا جذباتی اظہار

زندہ ہو کر دور ہو جانا سب سے بڑا دکھ ہے: ثروت گیلانی کا جذباتی اظہار

پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کے دوران جذباتی تعلقات، رشتوں کے ٹوٹنے اور زندگی کے گہرے دکھ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ زندگی کا سب سے بھاری غم ہمیشہ کسی عزیز کی موت نہیں ہوتا، بلکہ بعض اوقات سب سے تکلیف دہ احساس اس شخص کو کھونے کا ہوتا ہے جو زندہ تو ہو لیکن آپ کی زندگی کا حصہ نہ رہے۔ان کے مطابق کسی رشتے، دوستی یا جذباتی تعلق کا ختم ہو جانا بھی اتنا ہی دردناک ہوتا ہے، کیونکہ ایسے غم کو محسوس کرنے یا اس پر سوگ منانے کے لیے کوئی واضح موقع یا سماجی طریقہ موجود نہیں ہوتا۔اداکارہ نے کہا کہ موت کے بعد الوداع کہنے کا ایک واضح موقع ہوتا ہے، لیکن جب کوئی زندہ ہو کر بھی زندگی سے دور ہو جائے تو صرف یادیں، ادھورے سوال اور ان کہے جذبات باقی رہ جاتے ہیں، جن سے نکلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب لوگ ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں یا رابطہ ختم ہو جاتا ہے تو وہ اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں، مگر جذباتی طور پر اس غیر موجودگی کا درد برقرار رہتا ہے، جو ایک خاموش مگر گہرا نقصان بن جاتا ہے۔اس موقع پر میزبان ندا یاسر نے بھی ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کسی عزیز کے انتقال پر غم منانے کا موقع دیتا ہے، مگر ٹوٹے ہوئے رشتوں یا ختم ہو جانے والے تعلقات کے دکھ کو تسلیم کرنے کے لیے کوئی باقاعدہ روایت موجود نہیں۔