پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران ایک سرکاری تقریب میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی سدا بہار اداکارہ شبنم کی فنکارانہ خدمات اور غیر معمولی اداکاری کی تعریف کی۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ شبنم نے ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری کو بام عروج پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اداکارہ شبنم سے ملاقات بھی کی اور ان کے فن و خدمات کو سراہا۔ انہوں نے شبنم کی پاکستان میں فنونِ لطیفہ کے فروغ میں نمایاں کردار کو تسلیم کیا اور ماضی کی فلمی صنعت میں ان کی خدمات کو یادگار قرار دیا۔اداکارہ شبنم، جو کئی دہائیوں تک پاکستان کی فلم انڈسٹری پر راج کرتی رہی ہیں، نے سینیٹر اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست فضائی سفر کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
شبنم نے کہا کہ میں 15 گھنٹے کا طویل سفر نہیں کرسکتی، اس لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنے لاکھوں مداحوں سے ملاقات کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے اکثر مداح فون کرکے پوچھتے ہیں کہ وہ کب کراچی اور لاہور کا دورہ کریں گی، لیکن صحت کے مسائل کی وجہ سے طویل سفر کرنا ممکن نہیں۔ شبنم کی خواہش ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے ساتھ دوبارہ قریبی رابطہ قائم کر سکیں۔