کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کی تکمیل 30 روز سے بھی کم وقت میں ممکن ہے:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح کشمیر چوک انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ منصوبے پر کام کے آغاز کے صرف 17 روز بعد تعمیراتی سرگرمیوں میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کام اسی رفتار سے جاری رہا تو کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ 30 روز سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے انڈر پاس کے لینٹر اور دیواروں پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر مختصر وقت میں ہونے والی پیشرفت خوش آئند ہے اور تعمیراتی کام کی رفتار دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبے پر اسی رفتار اور تسلسل کے ساتھ کام جاری رہا تو اس کی تکمیل مقررہ اندازے سے بھی پہلے ممکن ہو سکتی ہے۔