واسا کانظام نئے ماڈل کے تحت منظم کرنے پر اتفاق

38 اضلاع میں واسا کو 31 دسمبر تک فعال ،یکساں ٹیرف نافذ کرنیکا بھی فیصلہ 
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر ہاو سنگ بلال یاسین اور چیئرمین واسا پنجاب چودھری شیر علی کی زیر صدارت گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس ہوا،صوبے بھر کے واسا نظام کو نئے ماڈل کے تحت منظم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وی سی لاہور واسا چودھری شہباز، ڈی جی واسا طیب فرید، ایڈیشنل سیکرٹری ہاو سنگ، سیکرٹری خزانہ، ٹیکنیکل ممبران اور مختلف شہروں کے واسا ایم ڈیز نے شرکت کی۔اجلاس میں 38 اضلاع میں واسا اور 3 اضلاع میں سب واساز کو 31 دسمبر تک مکمل فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔پنجاب بھر میں یکساں واٹر ٹیرف نافذ کرنے اوراخراجات پورے کرنے کیلئیتمام واساز کے محصولات کا ایک فیصد مرکزی فنڈ میں جمع کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیاجبکہ ادارہ جاتی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے اقدامات بھی منظور کیے گئے جنکے ذریعے واٹر سپلائی، سیوریج اور بارشی پانی صورتحال کی نگرانی ہو سکے گی۔ واٹر سپلائی، سیوریج اینڈ ڈرینج قوانین 2025 کا تفصیلی جائزہ لیکرمسودہ مزید بہتری کیلئے کمیٹی کو ارسال کر دیا گیا۔گورننگ باڈی نے اتھارٹی امور میں قوانین سازی اور اصلاحات کیلئیابتدائی طور پر 3 کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا جوادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے سفارشات پیش کرینگی۔ بلال یاسین نے کہاہر ضلع میں مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائیگا۔