آزمائشی ٹرین زلزلہ پیما آلات کو جانچنیکیلئے استعمال ، موڑ کاٹتے ملازموں سے جا ٹکرائی، ریلوے لائن بحال کردی گئی
بیجنگ(آئی این پی ) چین میں تیز رفتار ٹرین ٹریک پر کام کرتے ہوئے ریلوے ورکرز پر چڑھ گئی جس سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ چینی صوبے یونان میں پیش آیا جہاں ٹرین کی ٹکر سے 11 ریلوے ملازمین ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ آزمائشی ٹرین جو زلزلہ پیما آلات کو جانچنے کے لیے استعمال کی گئی تھی ایک موڑ کاٹتے ہوئے موقع پر موجود ملازموں سے جا ٹکرائی جس سے ہلاکتیں ہوئیں۔ چینی حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 2 ورکرز کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ریلوے لائن بحال کردی گئی جب کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔