نواز شریف کو وزیر اعظم کے ٹیگ کی ضرورت نہیں‘ وہ وزیراعظموں کے وزیراعظم ہیں عظمی بخاری

 میر پور نے کسی احتجاج یا شرپسندوں کے بجائے ووٹ کو ترجیح دی‘ بسیں ملنا حق ہوتا ہے،ہم بسوں کا تحفہ حیدرآباد کو بھی دیں گے:پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے الزام عائد کیا ہے  پیپلز پارٹی کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کررہی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ میر پور نے کسی احتجاج یا شرپسندوں کے بجائے ووٹ کو ترجیح دی، کچھ پولنگ کیمپس میں لوگ لڈو مچا رہے ہیں، کل دھاندلی کا بھاشن دیا گیا اور آج انکا اصل چہرہ قوم کے سامنے ہے، کشمیر میں امیدوار تو غائب ہوتے ہیں لیکن تھیلے بھی غائب ہو جاتے ہیں۔انہوںنے کہا  بسیں ملنا حق ہوتا ہے، کشمیر کا بھلا کرنے کی بات کریں تو رونا دھونا شروع ہوجاتا ہے، ہم بسوں کا تحفہ حیدرآباد کو بھی دیں گے، ہم نے اپنی کارکردگی کشمیر کے لوگوں کے سامنے رکھی کسی پر الزام نہیں لگایا نہ کسی کی نقل یا توہین کی، پنجاب پاکستان میں ترقی کا ایک ماڈل ہے۔عظمی بخاری نے آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے سے متعلق نواز شریف کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نے ایک علامتی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس طرح وہ پاکستان میں وزیر اعظم کی سرپرستی کر رہے ہیں اور پنجاب میں وزیراعلی کی سرپرستی کر رہے ہیں اسی طرح کشمیر میں ہمارا وزیر اعظم آیا تو اس کی بھی سرپرستی کریں گے، نواز شریف کو وزیر اعظم کے ٹیگ کی ضرورت نہیں وہ وزیراعظموں کے وزیراعظم ہیں۔