ڈیجیٹل و اے آئی تعلیم کا فروغ، 3 ارب کامیگا پراجیکٹ منظور

وزیراعلیٰ کے بعد منصوبہ منظوری کیلئے پی اینڈ ڈی بی کوپیش، آئندہ جون تک مکمل کیا جائیگا
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹل اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے کیلئے 3 ارب روپے سے میگا پراجیکٹ کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے بعد سکول محکمہ ایجوکیشن نے منصوبہ منظوری کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو پیش کر دیا ، منصوبہ جون 2027 میں مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت صوبے کے 2721 ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کیلئے 68 ہزار 954 ری سرٹیفائیڈ گوگل کروم بکس خریدی جائینگی جنکی فراہمی کا مقصد سکولوں میں ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانا اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ کو ارسال کردہ سمری میں منصوبے کیلئیٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے فنڈز منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جسکی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی۔ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی جانب سے فراہم کردہ موجودہ کوٹیشن کے مطابق ٹیکس سمیت فی کروم بک کی قیمت 43 ہزار 507 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی قیمت کی بنیاد پر 68 ہزار 954 ری سرٹیفائیڈ گوگل کروم بکس حاصل کی جائینگی۔ہر سکول کو اوسطاً تقریباً 25 ڈیجیٹل ڈیوائسز فراہم کی جائینگی تاہم حتمی تقسیم طلبہ کی تعداد، سکولوں میں پہلے سے موجود فعال ڈیجیٹل آلات، متعلقہ مضامین کی ضروریات، سکول کی تیاری اور جغرافیائی مساوات کو مدنظر رکھ کر کی جائیگی۔